تلنگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ،چیک پوسٹس پر گاڑیوں کی تلاشی کی اجازت
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے بڑے جانوروں کی منتقلی کے مسئلہ پر اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ضروری دستاویزات کے بغیر بڑے جانوروں کو شہر میں منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔ پولیس چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی تلاشی کیلئے پولیس کے ساتھ گاؤ رکھشک دل کے ایک نمائندہ کو موجود رکھنے کی عدالت نے اجازت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ضروری دستاویزات کے بغیر جانوروں کی منتقلی کی صورت میں انہیں ضبط کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ غیر قانونی طور پر جانوروں کی منتقلی کے بارے میں گاؤ رکھشکوں کو اپنے طور پر کارروائی کے بجائے پولیس کو اس کی اطلاع دینی چاہیئے۔ شکایت کے ملتے ہی پولیس کو چاہیئے کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے غیر قانونی منتقلی ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرے۔ جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کے مسئلہ پر عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
