کلکٹریٹ محبوب نگر کے ریکارڈ روم کا معائنہ ، مرکزی ٹیم کا دورہ ، کلکٹر نے تفصیلات بتائی
محبوب نگر ۔ 21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریکارڈ روم کو ڈیجیٹیلائزیشن اور مکمل کمپیوٹر ریکارڈ کرنے سے سیکنڈز میں ایک کلک کرتے ہوئے انفارمیشن حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے یہ وضاحت کی۔ ضلع محبوب نگر کے کلکٹریٹ میں موجود ریکارڈ روم کی دستاویزات کو صد فیصد ڈیجیٹلائزیشن کمپیوٹرائزڈ کئے جانے کے بعد قومی سطح پر ای گورننس کیلئے درخواست دی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے اس کے معائنے کیلئے دو ممبرس کو روانہ کیا تھا جن میں مرکزی دیہی ترقیات کے انڈر سیکریٹری ایم وی این ورا پرساد اور سیول سپلائیزکے انڈر سیکریٹری بھگوان سنگھ شامل تھے۔ انہوں نے منگل کے دن ریکارڈ روم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے ٹیم ممبران کو واقف کروایا کہ ریکارڈ روم کے 70 ہزار ڈاکومنٹس کمپیوٹرائزڈ کئے گئے اور 50 لاکھ صفحات اسکیان کرکے ڈیجیٹلائیز کیا گیا ہے جس سے کافی سہولت ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پراجیکٹ 2018ء میں شروع کیا گیا تھا۔ ڈیجیٹیلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ کرنے پر ضلع کو اسکاچ ایوارڈ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے ضلع کی تقسیم اور تفصیلات صرف ایک کلک کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر ٹیم کے ارکان نے ایک کسان اننت چاری کا نام لیا اور اس کی اراضی کی تفصیل دریافت کیں۔ ضلع کلکٹر نے کلک کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی زمین موسی پیٹھ منڈل کے جانم پیٹھ میں موجود ہے۔ ایڈیشنل کلکٹر تیجس نند لال پوار نے ٹیم کو پریزنٹیشن کے ذریعہ بتایا کہ ریکارڈ روم کی تفصیلات کس طرح ڈیجیٹلائیز کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ایم ایس این مورتی کے علاوہ ستیش، دھرما راجو اور دیگر موجود تھے۔