دستور اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے متحدہ مساعی ضروری

   

انڈین سوسائٹی فار کلچرل کوآپریشن سے عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے انڈین سوسائٹی فار کلچرل کوآپریشن اینڈ فرینڈشپ کی تلنگانہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات میں سماج کو نفرت کی بجائے تہذیبی بنیادوں پر باہم متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی سرگرمیوں کو ملک کے دیگر علاقوں میں توسیع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال عوام کے لئے تشویش کا باعث بن چکی ہے۔ موجودہ سیاست کے رخ کا تعین کرنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اور 31 جنوری کو چین میں سوسائٹی کا قومی اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں منظورہ قراردادوں اور فیصلوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ کونسل کو مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا چاہئے۔ سوسائٹی کے ریاستی صدر آر گوپال نے کہا کہ تلنگانہ میں سوسائٹی کی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے پرساد نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور دستور کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ جمہوری اقدار پر ایقان رکھنی والی طاقتوں کو متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سوسائٹی کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ ملک میں نفرت اور فرقہ پرستی کی سیاست کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا۔ 1