دستور اور سیکولرازم کے تحفظ کیلئے کانگریس کو کامیاب بنائیں

   

نظام آباد میں کانگریس کو سی پی آئی کی تائید، جلسہ عام سے عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11۔ مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے نظام آباد ضلع میں کانگریس امیدوار جیون ریڈی کی تائید میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ملک میں سیکولرازم اور دستور کے تحفظ کے لئے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ جلسہ عام میں کانگریس رکن اسمبلی سدرشن ریڈی ، رکن کونسل مہیش کمار گوڑ ، نظام آباد ضلع کی سی پی آئی انچارج شریمتی پی پدما ، کامریڈ سدھاکر اور دوسروں نے شرکت کی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ہندوستان کو دنیا کی تیسری بڑی معیشت بنانے کا دعویٰ کر رہے ہیں جبکہ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ موجودہ پالیسیوں کے نتیجہ میں یہ ممکن نہیں ہے ۔ ماہرین معاشیات کے مطابق امریکہ کی معیشت ہندوستان کی معیشت سے 36 گنا آگے ہے جبکہ جرمنی ، جاپان اور چین کی معیشت علی الترتیب 26 ، 17 اور 6 گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اپنے بلند بانگ دعوؤں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ ہندوستان میں بیروزگاری کی شرح 7.8 فیصد ہے جو ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ بہار اور دہلی میں 18 سال سے زائد عمر کے 17 اور 21 فیصد نوجوانوں نے اپنے نام فہرست رائے دہندگان میں درج کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا میں ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے 200 کروڑ روپئے خرچ کئے ۔ عزیز پاشاہ نے ضلع کے سی پی آئی کیڈر اور ٹریڈ یونین تنظیموں سے اپیل کی کہ جیون ریڈی کی کامیابی کیلئے محنت کریں۔ رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے کہا کہ نہ صرف نظام آباد بلکہ تلنگانہ دیگر حلقہ جات میں وزیراعظم کی انتخابی مہم کے باوجود بی جے پی کو شکست ہوگی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی ہے ۔ شریمتی پی پدما نے نریندر مودی حکومت سے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں سوال کیا ۔ جلسہ عام سے سی پی آئی ضلع سکریٹری سدھاکر ، صدر اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ 1