دستور سے متعلق چیف منسٹر کے بیان کے خلاف مہیلا کانگریس کا احتجاج

   

بھٹی وکرامارکا، گیتا ریڈی اور سنیتا راؤ کی شرکت، امبیڈکر مجسمہ کو دودھ سے نہلایا گیا
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) دستور سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بیان کے خلاف کانگریس پارٹی شعبہ خواتین کی جانب سے آج ریاست بھر میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں کو دودھ سے نہلایا گیا۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ میں صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کی اور چیف منسٹر کے بیان کو ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کے سی آر دونوں دستور کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ کے سی آر نے بی جے پی کی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے دستور کو بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور اور دستوری اداروں کی توہین چیف منسٹر کی عادت بن چکی ہے۔ کانگریس قائدین نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں بصورت دیگر عوام سبق سکھائیں گے۔ کانگریس پارٹی نے ریاست کے تمام ضلع یونٹس کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ر