دستور میں فراہم بنیادی حقوق سے واقفیت ضروری

   

ظہیرآباد میں سیاہ قوانین کے خلاف بھوک ہڑتال کیمپ سے مولانا محمد جعفر پاشاہ کا خطاب

ظہیرآباد۔ 2 ؍ فبروری (سیاست نیوز) شہر ترمیمی قانون کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی ظہیرآباد کی جانب سے منظم کردہ زنجیری بھوک ہڑتال آج 14 ویں دن میں داخل ہوگئی ۔ اس موقع پر صدر امارات شریعت حیدرآباد مولانا محمد حسام الدین ثانی المعروف جعفر پاشاہ نے ہڑتالی کیمپ پہنچ کر گذشتہ 14 دن سے جاری بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر آج ایسا طبقہ حکمران ہے جو عوام کو جوڑنے کے بجائے توڑنے اور ملک کو ترقی کی بجائے نفرت کی راہ پر گامزن کرنے کو اپنا نصب العین سمجھتا ہے ۔ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک کی آزادی میں جن سورماؤں نے حصہ لے کر ملک کو غلامی سے نجات دلائی تھی‘ آج ان کا نام تک نہیں لیا جاتا اور جنہوں نے آزادی کی جدوجہد میں حصہ نہیں لیا تھا ‘ آج اقتدار کی باگ ڈور سنبھال کر آزادی کے 72 سال بعد مذہبی اساس پر قانون سازی اپنے ہی ملک کی شہریوں کو ملکی شہریت ثابت کرنے کے کام پر لگا دیا ہے جس کے خلاف ملک بھر میں نہ تھمنے والے احتجاج کا سلسلہ چل پڑا ہے لیکن مرکزی حکومت کے کان پر جوںتک نہیں رینگتی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری حالت یہ ہوگئی ہے کہ ملک کے دستور میں دیئے گئے نبیادی حقوق سے بھی ہم واقف نہیں ہیں ۔ انہوں نے قرآن خوانی اور نمازوں کی پابند کرنے کی تلقین کی اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر اور ان کے رفقاء کو مبارکباد دیتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر کنوینر کمیٹی وائی نروتم ‘ مولانا عتیق احمد قاسمی ‘ محمد ناظم الدین غوری ‘ مفتی عبدالصبور قاسمی ‘ مفتی نذیر احمد حسامی‘ سید عیسی نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں صدر امارات شریعت حیدرآباد مولانا حسام الدین ثانی کی ہڑتالی کیمپ پہنچنے پر ایکشن کمیٹی کے کنوینر نے ان کی گلپوشی کی جبکہ مولانا نے آج کی زنجیری ہڑتال میں حصہ لینے والے ہڑتالیوں محمد اکبرالدین ‘ محمد احمد‘ محمد نظام الدین‘ محمد عثمان علی ‘ محمد حفیظ‘ محمد تاج الدین ‘ محمد مزمل ‘ عرفان احمد خان ‘ آصف علی ‘ فیض الرحمن ‘ محمد شریف ‘ عطاء الرحمن اور دیگر کو مبارکباد دی ۔ مولانا کی آمد پر محمد لقمان ‘ سید جلال الدین ‘ محمد معز الدین ‘ محمد یوسف ‘ محمد فاروق علی ‘ سید مسعود حسین‘ عبدالقدیر ‘ محمد اکبر ‘ محمد اطہر ‘ شیخ وحید ‘ اعجاز پاشاہ ‘ محبوب غوری ‘ اور دوسرے ذمہ داران نے جوائنٹ ایکشن نے مولانا کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر عوام کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔