دستور و جمہوریت کے تحفظ کیلئے کانگریس کا استحکام ضروری

,

   

مودی وکے سی آر کو شکست دینا ضروری، گجویل میں جلسہ عام، : ملکارجن کھرگے و ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد اور راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے نے دستور و جمہوریت بچانے تمام طبقات سے متحد ہوجانے کی اپیل کی اور کہا کہ مرکزی حکومت ہم دو اور ہمارے دو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ملک کے اثاثہ جات اور عوامی اداروں کو دو صنعت کاروں کو فروخت کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت نریندر مودی کے ہر فیصلہ کی تائید کررہی ہے لہذا وقت آچکا ہے کہ عوام مرکز اور تلنگانہ دونوں میں حکومتوں کو بیدخل کرکے کانگریس کو برسراقتدار لائیں کیونکہ کانگریس سے تمام طبقات کی بھلائی ممکن ہے۔ ملکارجن کھرگے آج چیف منسٹر کے سی آر کے انتخابی حلقہ گجویل میں کانگریس کے دلت۔ گریجن آتما گوروا ڈنڈورا سے خطاب کررہے تھے۔ گزشتہ 40 دنوں سے تلنگانہ میں دلتوں اور گریجنوں کے جلسوں کا یہ آخری جلسہ تھا جس میں اندازہ کے مطابق 60 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں کانگریس کا اب تک کا سب سے بڑا طاقت کا مظاہرہ ہے۔ کھرگے نے کہا کہ نریندر مودی ہم دو اور ہمارے دو کے تحت اڈانی اور امبانی پر مہربان ہیں۔ دو لوگ اثاثہ جات فروخت کررہے ہیں اور دو لوگ خرید رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر و غریب کے درمیان بڑھتا فاصلہ جمہوریت اور دستور کیلئے خطرہ ثابت ہوگا اور یہی صورتحال رہی تو عوام بغاوت پر اُتر آئیں گے۔ مودی حکومت گزشتہ 7 برسوں میں عوام پر مسلسل بوجھ عائد کررہی ہے۔ اسی طرح تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت بھی عوام کی امیدوں کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کانگریس برسراقتدار آنے پر دلتوں اور پسماندہ طبقات کو آبادی کے تناسب سے تحفظات کا وعدہ کیا۔ ملک کیلئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے جان قربان کی ہے جبکہ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کے عہدہ کی پیشکش کے باوجود ماہر معاشیات منموہن سنگھ کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کیا تاکہ معیشت میں سدھار آئے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کانگریس کو برسراقتدار لانے اور تمام لوک سبھا نشستوں پر کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کھرگے نے کہا کہ مودی اور کے سی آر تاریکیوں میں غرق ہیں لہذا انہیں راستہ دکھانا ضروری ہے۔ جلسہ میں موجود ہزاروں افراد سے انہوں نے اپنے سیل فون کی لائیٹ جلا کر علامتی احتجاج کی اپیل کی جس پر عوام نے موبائیل لائیٹ جلائی اور کانگریس کے حق میں نعرے لگائے۔ ملکارجن کھرگے نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ حوصلہ کے ساتھ جدوجہد کررہے ہیں۔ کھرگے نے تقریر کے آخر میں اردو کے یہ اشعار پڑھے:
ڈر مجھے بھی لگا فاصلہ دیکھ کر
پر میں بڑھتا گیا راستہ دیکھ کر
خود بخود میرے نزدیک آتی گئی
میری منزل میرا حوصلہ دیکھ کر
جلسہ عام میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی جس میں دلتوں اور گریجن طبقات سے وعدوں کی عدم تکمیل کی تفصیلات درج کی گئیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ گجویل کا یہ جلسہ ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہے اور آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے ٹی آر ایس و کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد تیز کرنے کا اعلان کیا۔R