دستور کی منسوخی اور ملک پر آر ایس ایس ایجنڈہ مسلط کرنے بی جے پی کی سازش

   

SIR کے ذریعہ اقلیتوں اور کمزور طبقات کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی تیاری، رام لیلا میدان پر کانگریس کا مہادھرنا، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت دستور ہند کو منسوخ کرتے ہوئے آر ایس ایس ایجنڈہ پر ملک پر مسلط کرنے کی سازش کررہی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے نئی دہلی کے رام لیلہ میدان پر ووٹ چوری کے خلاف منعقدہ مہادھرنے سے خطاب میں ریونت ریڈی نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں، دلتوں، آدی واسی اور غریبوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور ہند کو قطعیت دینے سے قبل دستوری اسمبلی میں مباحث کا اہتمام کیا۔ دلتوں، آدی واسی، اقلیتوں اور غریبوں کو ووٹ کا حق دیا گیا۔ آر ایس ایس کے نظریہ ساز گولوالکر اور ان کی تنظیم نے ووٹ کا حق دیئے جانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر امبیڈکر نے کمزور طبقات کو دستور کے ذریعہ ووٹ کا حق دلایا تاکہ حکومت سازی میں غریبوں کی حصہ داری کو یقینی بنایا جائے۔ ملک میں آر ایس ایس کے نظریات کو مسلط کرنے گزشتہ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی نے 400 لوک سبھا نشستوں کا عوام سے مطالبہ کیا۔ مودی اور امیت شاہ کی اس سازش کے خلاف راہول گاندھی نے شعور بیداری کا کام کیا جس کے نتیجہ میں بی جے پی کو 240 نشستوں تک سمٹ کر رہ گئی۔ دستور میں تبدیلی اور تحفظات کے خاتمہ کی سازش کے خلاف راہول گاندھی ملک گیر سطح پر جدوجہد کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کے نام پر اقلیتوں، دلتوں اور قبائل کو ووٹ سے محروم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے حق میں سارا ملک متحد ہے اور آر ایس ایس کے نظریہ کو شکست دینے رام لیلہ میدان پر جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کانگریس کا نہیں بلکہ ملک کا مسئلہ ہے۔ اقلیتوں، قبائل اور دلتوں کے حق میں لڑائی راہول گاندھی کی قیادت میں لڑی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لڑائی میں راہول گاندھی کو مضبوط بنانے ہر کسی کو آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کو کامیابی دلاکر آر ایس ایس کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے اندیشہ ظاہر کیا کہ فہرست رائے دہندگان سے ناموں کو حذف کرنے کے بعد آدھار کارڈ اور راشن کارڈ بھی ختم کردیا جائے گا اور مذکورہ طبقات کی جائیدادیں اور اثاثہ جات چھین لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پوری طرح راہول گاندھی کے ساتھ کھڑا ہے اور سارے ملک کو اس لڑائی میں کانگریس اور راہول گاندھی کا ساتھ دینا چاہئے۔ 1