حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاست میں ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کے لیے ڈی ایس سی امتحان دسمبر میں منعقد کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ماضی کی طرح امتحانات آف لائن کے بجائے آن لائن کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ ( سی بی ٹی ) طرز پر انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حال ہی میں ریسیڈنشیل اسکولس کے امتحانات بھی سی بی ٹی نظام کے تحت ہی انعقاد کیے گئے ہیں ۔ حکومت نے ڈی ایس سی امتحان بھی سی بی ٹی طرز پر انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیدار ٹی ایس آن لائن کے حکام سے تال میل پیدا کرتے ہوئے دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں امتحانات کے انعقاد کی تیاری کررہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ امیدواروں سے وصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کے لحاظ سے شفٹ واری اساس پر امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ زیادہ شفٹس کی ضرورت پڑنے پر امتحانات کے بعد نارملیزیشن کیا جائے گا ۔ حیدرآباد کے اطراف و اکناف میں ہی زیادہ سے زیادہ امتحانی مراکز قائم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پرچہ سوالات تیار کرنے کی ذمہ داری ( ایس سی ای آر ٹی ) کے حوالے کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ ایس جی ٹی کے لیے ایک دن ، اسکول اسسٹنٹس مضامین کے لیے دو دن تک امتحانات کا انعقاد کرنے کے امکانات ہیں ۔ محکمہ فینانس نے 6612 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دے دی ہے ۔ ان جائیدادوں پر تقررات کے لیے رہنمایانہ خطوط اور شیڈول پر مشتمل جی او دو تین دن میں جاری ہونے کے امکانات ہیں جس کے فوری بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈی ایس سی نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔۔ ن