کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ، ضلعی کلکٹرس ، میڈیکل آفیسرس کو ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے 31 دسمبر تک ریاست میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کی مہم کو مکمل کرنے کی ضلعی کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس کو ہدایت دی ہے ۔ کوویڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آج ہریش راؤ کی صدارت میں وزارتی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ نئے قسم کے ویرئینٹ اومی کرون کی دہشت کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست میں جاری کورونا ویکسنیشنس ڈرئیو کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلعی کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس سے بات چیت کی اور ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے 31 دسمبر تک صد فیصد ویکسنیشن پروگرام کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ساری دنیا میں کورونا کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کی دہشت پھیلی ہوئی ہے ۔ اس لیے تلنگانہ میں احتیاطی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس پر زور دیا کہ جن علاقوں میں ٹیکہ اندازی کم ہوئی ہے ان علاقوں میں عوامی منتخب نمائندوں کا تعاون حاصل کرتے ہوئے صد فیصد ٹیکہ اندازی کے نشانہ کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کورونا کا پہلا ڈوز 90 فیصد مکمل ہوا ہے ۔ یہ سب محکمہ جات صحت ، بلدی نظم و نسق ، پنچایت راج کے عملے سے ممکن ہوا ہے ۔ ملک میں صد فیصد ٹیکہ اندازی میں ریاست تلنگانہ کا شمار ہوتا ہے ۔ کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ وزیر صحت نے ہر گاؤں ، منڈل ، وارڈ اور ضلع میں صد فیصد ٹیکہ اندازی مہم کو مکمل کرنے پر زور دیا ۔ اضلاع میں خصوصی مہم چلانے عوامی منتخب نمائندوں کو اس مہم کا حصہ بنانے اور اسپیشل آفیسرس کا تقرر کرلینے کی ہدایت دی ۔۔ ن