نئی دہلی: دہلی ہائیکورٹ میں جمعہ کو دائر ایک پی آئی ایل میں مرکز اور حکومت دہلی کو سیشن 2020-21 کے لئے بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے دسویں اور بارہویں جماعت کے تمام طلبہ ٹیکہ لگانے کی ہدایت دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس جسمیت سنگھ پر مشتمل بنچ نے تینوں وکلا کی جانب سے دائر درخواست پر وزارت تعلیم اور صحت اور دہلی کی حکومت کو نوٹس جاری کیا اور کہا کہ وہ اس ضمن میں اپنے خیالات پیش کریں۔عدالت نے پوچھا کہ کیا کووڈ ٹیکوں کا فی الحال استعمال کیا جارہا ہے۔ ، کیا انہیں 18 سال سے کم عمرکے لوگوں کو دیا جاسکتا ہے۔ دہلی حکومت کے مستقل ایڈووکیٹ سنتوش کے ترپاٹھی اور مرکزی حکومت کی مستقل ایڈوکیٹ مونیکا اروڑا نے بتایا کہ 10 ویں کلاس کے بورڈ امتحانات کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ 12 ویں جماعت کے امتحانات کو فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے۔