فیض عام ٹرسٹ سیاست ملت فنڈ کی جانب سے ایس ایس سی طلبہ کیلئے کونسلنگ سیشن ،ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور ماہرین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں آج کل ایک اچھا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور وہ یہ کہ کچھ ہمدردانہ ملت کچھ تنظیمیں اور چند مساجد کمیٹیاں مساجد کو تعلیمی مراکز کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور یقینا یہ رجحان باعث برکت ہے ۔ ایسا کچھ مسجد خزانہ آب دودھ باولی میں کیا جارہا ہے جہاں SIAFAT ( سیاست ، فیض عام ٹرسٹ ) اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر اور عائشہ آفندی کمپیوٹر سنٹر چلائے جارہے ہیں ۔ ان مراکز میں لڑکے لڑکیوں کو مفت تربیت دی جارہی ہے ۔ ہفتہ کو بھی سہ پہر 3 تا شام 5 بجے ایس ایس سی طلبہ اور ان کے والدین کے لیے کونسلنگ سیشن منعقد ہوا جس کی نگرانی سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے کی ۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی ، بی بی آمنہ ہاسپٹل کے ڈائرکٹر اور مسجد خزانہ آب کی انتظامی کمیٹی کے صدر ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے بچوں کے پاس تعلیم و ترقی اور کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہے صرف اسے ہوا دینے اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ اور جناب افتخار حسین پوری تندہی کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسجد میں چلائے جارہے سنٹرس میں کمپیوٹر کے بنیادی کورسیس سے لے کر اڈوانسڈ کورسیس کرائے جاتے ہیں ۔ اسی طرح ایل ای ڈی بلب بنانا ، کمپیوٹر ریپرنگ ، سیل فون ریپرنگ ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کورس مفت سکھائے جاتے ہیں ۔ جناب معین نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر انداز میں اپنی ذہنی صلاحیتوں بالخصوص دماغ کا استعمال کریں اور خود میں موجود صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ نکھاریں اور دماغ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ ڈاکٹر محمد عبدالوحید نے اپنی تقریر میں خاص طور پر ماں باپ سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں ۔ انہیں تعلیم پر توجہ مرکوز کرائیں ۔ اپنے بچوں کو موبائل فونس سے دور رکھیں ۔ بالخصوص ماں جس کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ہوتی ہے ۔ بچوں پر خصوصی توجہ دے ۔ اس موقع پر جناب شفیق طاہر ڈپٹی وارڈن / سینئیر اسسٹنٹ ٹمریز ، مسجد کمیٹی کے خازن جناب عثمان غنی بھی موجود تھے ۔ جناب محمد اعظم خاں نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ممتاز Motivational Speker میر مجاہد علی نے اپنے فکر انگیز خطاب میں والدین کو مشورہ دیا کہ کبھی بھی اپنے بچوں کا دوسرے بچوں سے تقابل یا موازنہ نہ کریں ۔ انہوں نے طلباء وطالبات کو بتایا کہ کیسے ہر مضمون کو تیاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے طلبہ کو امتحانات کی تیاری کے لیے SQRRR یا SQ3R کا اصول اپنانے کا مشورہ دیا ۔ جس کا مطلب سروے ، کوئسچن ، ریڈ ، ریسائٹ اور رویو ہوتا ہے ۔ اس سے بچوں کو اسباق یاد رہتے ہیں ۔ ایم ایم فاونڈیشن کے محمد الیاس نے کونسلنگ سیشن میں کیرئیر کا کیسے انتخاب کرنا ، ووکیشنل کورس وغیرہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سلسلہ میں مشوروں کے لیے فیض عام ٹرسٹ سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی زندگی کا اہم موڑ ہوتا ہے ۔ جناب میر عابد علی ایڈوکیٹ نے بھی طلبہ کو اہم معلومات فراہم کی ۔ آخر میں سید عبدالستار نے شکریہ ادا کیا ۔۔