دسویں جماعت کے امتحانات سے طلبہ کے خوف میں اضافہ

   

حیدرآباد 9 مارچ (یو این آئی) جیسے جیسے دسویں جماعت کے امتحانات قریب آرہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے کئی طلبہ میں خوف و ہراس بڑھتا جارہا ہے ۔شہر کے کئی مقامات کی مشہور درگاہوں کے ساتھ ساتھ منادر میں امتحان کے خوف کا شکار طلبہ اپنے ہال ٹکٹس کو باندھتے ہوئے اپنی کامیابی کے یقین کے ساتھ منتیں مانگ رہے ہیں۔اپنے اس قدم کے ذریعہ کامیابی کا یقین رکھنے والے بعض پُرجوش طلبہ کا یہ عقیدہ ہے کہ ہال ٹکٹس کی زیراکس کاپیاں درگاہوں اور منادر میں باندھنے سے ان کی کامیابی یقینی ہوگی ۔بعض طلبہ نے کہاکہ وہ امتحانات کے قریب منادر اور درگاہوں کو زیادہ جانے لگے ہیں اور ان کا یہ ماننا ہے کہ اس سے ان کے امتحانی خوف میں کمی آئے گی اور وہ بہ آسانی کامیاب ہوسکیں گے۔
صوفی سنتوں کے ساتھ ساتھ منادر میں عقیدہ رکھنے والے ان طلبہ کی تعداد امتحانات کے قریب بڑھتی جارہی ہے اور یہ ہر سال ہورہا ہے ۔شہر حیدرآباد کی مشہور درگاہوں کے ساتھ ساتھ مشہور منادر میں یہ تعداد دیکھی جارہی ہے ۔درگاہوں کے نگران کاروں اور منادر کے پنڈتوں نے بتایا کہ ہر سال مارچ سے مئی کے عرصہ کے دوران ایسے طلبہ کی کثیرتعداد ان مقامات پر دیکھی جاتی ہے ۔