ایک ماہ طویل امتحانات پر نظر ثانی کرنے حکومت سے نمائندگی نظر انداز
حیدرآباد۔31۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امیدواروں کے علاوہ اولیائے طلبہ و سرپرستوں میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم اور بورڈ آف سیکنڈری کی جانب سے کسی بھی طرح کی پیشرفت نہ کئے جانے پر اساتذہ میں بے چینی پائی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر موجودہ نظام الاوقات کے مطابق ہی امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں طلبہ پر بھاری بوجھ عائد ہوگا۔ بورڈ آف سیکنڈری کے ذریعہ جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق 14مارچ 2026 سے ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوگا جو کہ 16اپریل 2026 تک جاری رہیں گے۔ اس طویل مدتی امتحانی شیڈول کو مختصر کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ جات سے ریاست تلنگانہ کے اساتذہ کی تنظیموں ‘ اولیائے طلبہ و سرپرستوں کی تنظیموں کے علاوہ ماہرین تعلیم کی جانب سے مکتوبات نمائندگی روانہ کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود بورڈ آف سیکنڈری نے اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی ۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں تعطیلات کو نظر میں رکھتے ہوئے امتحانات کا شیڈول تیار کیاگیا ہے اور اس شیڈول کے مطابق اگر امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں طلبہ کو ہر امتحان کے بعد تین یوم تک کی تعطیلات حاصل ہوں گی۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ اگر موجودہ شیڈول اور ٹائم ٹیبل کے مطابق اگر امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں طلبہ کو امتحانی تیاری کے لئے وقت حاصل ہوگا جبکہ ماہرین تعلیم اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ شیڈول کے مطابق امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں امیدوار ایک ماہ تک ذہنی تناؤ کا شکار رہیں گے اسی لئے امتحانات کو جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ ایس ایس سی امتحانات کے پرچہ جات میں تخفیف کے جو اقدامات کئے گئے تھے وہ طلبہ پر عائد ہونے والے بوجھ اور تناؤ کو کم کرنے کیلئے کئے گئے تھے لیکن اب جبکہ پرچہ جات کم ہیں لیکن اس کے باوجود ایک ماہ طویل امتحانات طلبہ پر عائد ہونے والے بوجھ اور تناؤ میں کمی کے مقصد کوفوت کرنے کا سبب بن رہا ہے اسی لئے بورڈ آف سیکنڈری کے عہدیداروں کو فوری طور پر طلبہ تنظیموں ‘ اساتذہ کی تنظیموں کے علاوہ اسکولوں کے ذمہ داروں اور اولیائے طلبہ و سرپرستوں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے رائے حاصل کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔3
تلنگانہ میں 6 ڈپٹی کلکٹرس کے تبادلے
حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت نے ڈپٹی کلکٹرس اور اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس کے تبادلے عمل میں لائے ہیں۔ وائی سدرشن ڈپٹی کلکٹر جن کی خدمات بلدی نظم و نسق کے تحت تھیں، انہیں محکمہ عمارات و شوارع سے وابستہ کیا گیا ہے جہاں ڈپیوٹیشن پر خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ ایس راجیش کمار اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹر کی خدمات کو محکمہ عمارات و شوارع سے حاصل کرتے ہوئے آر ڈی او کیسرا مقرر کیا گیا۔ کے وینکٹ اوپیندر ریڈی اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹر کا تبادلہ کرتے ہوئے خدمات محکمہ عمارات و شوارع کے تفویض کی گئیں۔ آر پانڈو اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹر آر ڈی او اندول کا تبادلہ کر کے ڈی آر او سنگا ریڈی مقرر کیا گیا۔ پی ہری کرشنا ڈپٹی کلکٹر جن کی خدمات محکمہ آر اینڈ بی میں تھیں ، انہیں آر ڈی او بھوپال پلی مقرر کیا گیا ہے۔ این روی اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹر آر ڈی او بھوپال پلی کا تبادلہ کر کے ایڈیشنل کلکٹر ریونیو ہنمکنڈہ مقرر کیا گیا۔1