دسویں جماعت کے امتحانات کا 21 مارچ سے آغاز

   

پرچہ سوالات پر QR کوڈ ہوگا تمام تیاریاں مکمل ، 24 صفحات پر مشتمل جوابی کتابچہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا 21 مارچ سے آغاز ہورہا ہے ۔ جو 4 اپریل تک جاری رہیں گے ۔ دسویں جماعت کے امتحانات میں 5,09,403 لاکھ طلبہ شرکت کریں گے جن میں 2,58,895 لڑکے اور 2,50,508 لڑکیاں شامل ہیں ۔ ریاست بھر میں جملہ 2,650 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ ڈائرکٹر گورنمنٹ امتحانات کرشنا راؤ نے بتایا کہ امتحانات کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ طلبہ کے ہال ٹکٹس متعلقہ اسکولس کو روانہ کردئیے گئے ہیں ۔ ویب سائٹس سے بھی طلبہ کو ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرلینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اگر کوئی امتحانی مسائل ہو تو اس کو حل کرنے کے لیے 24 گھنٹے خدمات انجام دینے والا کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ 040-23230942 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ صبح 9-30 تا دوپہر 12-30 بجے تک امتحانات منعقد ہوں گے ۔ فرسٹ لینگویج ( کامپوزٹ کورس ) امتحان صبح 9-30 بجے تا 12-50 تک منعقد ہوگا ۔ اس کے علاوہ سائنس سبجکٹس ، فزیکل ، بائیولوجی امتحانات صبح 9-30 بجے تا 11 بجے تک منعقد ہوں گے ۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ دسویں جماعت کے پرچہ سوالات پر کیو آر کوڈ شائع کیا جائے گا ۔ طلبہ کی شخصی تفصیلات کی جانچ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اگر معلومات درست نہ ہو تو اس کی انویجلیٹر ( نگران کار ) کو اطلاع دی جائے ۔ جوابی کتابچہ کا سیرئیل نمبر OMR شیٹ پر دی گئی جگہ پر لکھا جانا چاہئے ۔ جیسے ہی سوالیہ پرچہ دیا جائے ہر صفحہ پر ہال ٹکٹ نمبر لکھنا لازمی ہے ۔ جوابی کتابچہ پر ہال ٹکٹ نمبر اور نام نہیں لکھا جانا چاہئے ۔ بلکہ دستخط بھی نہیں کرنا چاہئے ۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون ، الکٹرانک اشیاء ساتھ لیجانے کی اجازت نہیں ہے ۔ انٹر اور اوپن اسکول سوسائٹی کی طرح 24 صفحات پر مشتمل جوابی کتابچہ فراہم کیا جائے گا ۔ مزید اضافہ شیٹس نہیں دی جائے گی ۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے 2650 سی ایسز ، ڈی ای اوز 28100 انویجلیٹرس کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ طلبہ کو 5 منٹ کا گریس پریڈ دیا جارہا ہے تاہم طلبہ کو کم از کم آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہونچ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔۔ 2