نقل نویسی پر سخت کارروائی کا انتباہ، ضلع کلکٹر جی روی کا خطاب
جگتیال ۔ جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع جگتیال میں منعقد کئے جانے والے جماعت دہم کے امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد کیلئے تیاریاں کی جائیں۔انھوں نے متعلقہ عہدیدار وں کے ساتھ شہر جگتیال کے پونا لا گارڈن میں دہم جماعت کے امتحانات کے انعقاد کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ 23مئی تا یکم جون تک منعقد کئے جانے والے امتحانات کیلئے تمام تر تیاریوں کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلعی سطح پر منجملہ 67 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لاکر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ طلباء کے زیادہ سے زیادہ تمثیلی امتحانات کا انعقاد عمل میں لاکر مہارت پیدا کی جائے۔ ریاستی سطح پر ضلع کو اول مقام عطا کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی نقل نویسی کی گنجائش نہیں ہوگی۔ جہاں زائد نقل نویسی کا شبہ ہو ان امتحانی مراکز کا بذات خود معائنہ کرنے کی ضلع کلکٹر نے وضاحت کی۔ نقل نویسی میں مبتلا ہونے پر سخت کاروائی کرنے کا ضلع کلکٹر نے انتباہ دیا۔ طلباء اپنی ذاتی محنت کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کامیابی حاصل کریں۔ دہم جماعت کے امتحانات کے پرسکون انعقاد کیلئے درکارفلائنگ،اور سیٹنگ اسکواڈ کو مقرر کریں۔اور ضرورت کے مطابق انوجلیٹرس کو مقررکریں۔ ضلع کے 67 امتحانی مراکز میں طبی عملہ کو مقرر کیا جائے اور او آرایس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔تمام امتحانی مراکز میں طلباء کی سہولیات کیلئے فرنیچر، فیان،برقی اور پانی کی سہولت مہیا کی جائے۔ سرکاری مدارس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت نے ضلع جگتیال میں 274 اسکولوں میں ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کو متعارف کیا ہے۔60 سرکاری مدارس میں صدرمدرسین کے تصاویر کو اپ لوڈ، ایم او یو کی کاپی کو ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے قراد داد کو پیش کرنے جیسے امور زیرالتوا ہیں، جنکی عاجلانہ تکمیل کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ایم ای اوس کو اس پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی۔اس اجلاس میں ضلعی مہتمم برائے محکمہ تعلیم جگن موہن ریڈی، متعلقہ عہدیدار، صدرمدرسین اور دیگر موجود تھے۔