جگتیال میں طلبہ کی خودکشی کا تیسرا واقعہ، پولیس مختلف زاویوں سے مصروف تحقیقات
جگتیال۔ /2جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں دسویں جماعت کے طالب علم کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔ مقامی پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات کے بموجب جگتیال گیتا ودیا لیم تلگو میڈیم اسکول میں زیر تعلیم دسویں جماعت کے طالب علم ردراپو دنیش ولد پدی راجم عمر 15 سال ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والا سنگاراؤ پیٹھ رائیکل منڈل ضلع جگتیال سے تعلق رکھتا ہے جو اسی مدرسہ میں دوسری جماعت سے تعلیم حاصل کررہا تھا اور قریب میں واقع والمیکی آواسم ہاسٹل میں رہتا تھا۔ دوپہر ایک بجے کھاناکھانے کے بعد اسکول کو روانہ ہوا لیکن کلاس میں غیر حاضر رہا۔ 4 بجے اسکول بند کرنے کے وقت کلاس رومس چیک کرنے پر مدرسہ کی چھٹویں جماعت کے روم میں دنیش مشتبہ حالت میں پایا گیا جسے اس کے ساتھی دیکھ کر اسکول ٹیچر کو اطلاع دینے پر اسے خانگی ہاسپٹل لے جایا گیا۔ جہاں پر ڈاکٹر نے بعد تشخیص سرکاری دواخانہ کو لے جانے کا مشورہ دیا جہاں پر سرکاری دواخانہ کے ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیا۔ اسکول ٹیچر نے بتایا کہ دنیش کے جیب چیک کرنے پر تحریری نوٹ دستیاب ہوا جس میں اس نے اپنی جانب سے کسی قسم کی غلطی نہ کرنے کی بات لکھی اور میں ایسا کچھ نہیں کیا ہوں۔ پولیس سب انسپکٹر الطاف خان کو ٹیچر نے یہ سوسائٹ نوٹ حوالے کیا۔ تب انسپکٹر الطاف نے وارڈن اور ٹیچر کے علاوہ دیگر اس کے ساتھیوں سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے بیان نوٹ کیا ۔ والدین کو اطلاع دینے پر اس کے والدہ اور شتہ داروں نے ہاسپٹل پہنچ کر آہ و بکا کرنے لگے۔ واضح رہے کہ جگتیال میں اس سال دسویں جماعت میں زیر تعلیم طلباء میں خودکشی کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک خانگی مدرسہ کے دو طالب علموں نے اپنے جسم پر پٹرول ڈال کر خودکشی کرلی تھی اور کچھ عرصہ بعد ایک اور طالب علم نے بھی اسی مقام پر اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر خودکشی کرلی تھی۔ اس طالب علم کی مشتبہ حالت میں موت پر کئی ایک شک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے۔