اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے 30 ٹاپ رینک حاصل کرنے والے طلبہ کو بطور تحفہ آئی پیاڈ دینے ہریش راؤ کا اعلان
حیدرآباد ۔2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے سرکاری اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں بہتر تعلیمی مظاہرہ کرتے ہیں تو انہیں تحفہ میں آئی پیاڈ دینے کا اعلان کیا۔ ضلع سدی پیٹ کے ہیڈکوارٹر پر اندرا نگر گورنمنٹ اسکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کے وجئے بھوا پریرنا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت کا سالانہ امتحان زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ ہوتا ہے۔ لہذا طلبہ کو چاہئے کہ وہ اس امتحان کی تیاری میں غفلت اور لاپرواہی نہ کریں بلکہ دلچسپی سے پڑھائی کریں۔ اعلیٰ مارکس حاصل کرنے پر بھی مستقبل میں اہم کورسس کے مستحق قرار دیئے جائیں گے اس لئے وہ طلبہ سے اپیل کرتے ہیں کہ امتحانات تک موبائیل ، ٹیلی ویژن اور دوسری تفریحی سرگرمیوں سے دور رہیں اور ساری توجہ امتحانات پر مرکوز کریں، تبھی بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ طلبہ کے ذہن میں تعلیمی مواد رہنا کافی نہیں ہے بلکہ ہاتھوں میں طاقت اور قوت ہونی چاہئے ۔ خوش خط ہینڈ رائیٹنگ میں امتحان تحریر کریں، یہی آپ کی زندگیوں میں تبدیلی لائے گی۔ آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ باسرا IIIT نشستوں میں ساری ریاست کی طلبہ کو جو نشستیں حاصل ہوتی ہیں ، اس سے زیادہ نشستیں ضلع سدی پیٹ کے طلبہ کو حاصل ہوتی ہے۔ اس معاملہ میں سدی پیٹ ہمیشہ ٹاپ رہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ سدی پیٹ سے 2875 طلبہ دسویں جماعت کا امتحان تحریر کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ذاتی خرچ سے خصوصی کلاسس میں اسنیکس کا انتظام کر رہے ہیں۔ گھروں میں رہ کر پڑھائی کرنے کیلئے ڈیجیٹل کنٹنٹ بکس فراہم کئے گئے ہیں۔ مکمل اعتماد کے ساتھ پڑھنے والے طلبہ ہی منزل کو پہنچتے ہیں۔ ہریش راؤ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اچھی تعلیم حاصل کرتے ہوئے آل انڈیا سرویسز میں خدمات انجام دینے کا عزم کریں اور پھر تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے سرکاری اسکولس میں ٹاپ رینک حاصل کرنے والے 30 طلبہ کو اپنی جانب سے آئی پیاڈ تحفہ میں پیش کریں گے۔2