دسویں جماعت کے طلبہ کو ڈیجیٹل مواد کی فراہمی سے غیر معمولی نتائج

   

محبوب نگر میں تعلیمی ترقی کے زبردست اقدامات، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی
محبوب نگر ۔ 29 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی محبوب نگر میں تعلیمی ترقی کے زبردست اقدامات قابل ستائش اور لائق تقلید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کیا۔ آج جمعہ رکن اسمبلی محبوب نگر ینم سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹریٹ نلگنڈہ میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی محبوب نگر نے ریاستی وزیر کو محبوب نگر حلقہ میں دسویں جماعت کے طلباء کو فراہم کردہ ڈیجیٹل مواد مطالعہ کے غیر معمولی نتائج، ان کا طریقہ استعمال وغیرہ سے واقف کروایا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ وہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد گزشتہ 2 سالوں میں دسویں جماعت کے نتائج میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات میں انہوں نے اعداد و شمار پیش کئے کہ محبوب نگر حلقہ کا نتیجہ 60 تا 65 فیصد تھا لیکن طلباء میں ڈیجیٹل مواد مطالعہ کی تقسیم کے بعد پہلے سال کے نتائج میں 21 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دوسرے سال یہ 92 فیصد ہوگیا۔ ایم ایل اے نے اپنے عزائم میں بتایا کہ جاریہ سال 100 فیصد کامیابی کے فیصد کے نشانہ کو حاصل کرنے کے لئے سینئر اپرٹ نامی اختراعی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ تمام اسکولس میں ڈیجیٹل بورڈ پر مطالعاتی مواد لوڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے ذریعہ اساتذہ کو ڈیجیٹل بورڈ کے استعمال کے تعلق سے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ سرکاری اسکولس میں پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ طلباء کو روزانہ اساتذہ کے ساتھ ڈیجیٹل بورڈ کے استعمال کی باقاعدہ نگرانی کی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر اس کارکردگی سے متاثر ہوئے اور کہا کہ ڈیجیٹل مواد مطالعہ کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل بورڈ میں استعمال ہونے والے مواد کو ہمارے ضلع کے طلباء کو فراہم کیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ میں آئندہ دسویں جماعت کے سالانہ نتائج میں طلباء کی کامیابی کے فیصد 100 تک پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹرنلگنڈہ ترپاٹھی نے کہا کہ دسویں جماعت کے نتائج میں اضافہ کے لئے سرکاری فنڈ مختص کرتے ہوئے ضلع کے تمام سرکاری اسکولس میں ڈیجیٹل مواد کی تقسیم کے لئے محنت کی جائے گی۔