دسویں جماعت کے نتائج کی آج اجرائی‘ وزیر تعلیم کی منظوری

   

حیدرآباد۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے دسویں کے نتائج کی اجرائی کی منظوری دیدی اور آج نتائج جاری ہونگے ۔ کورونا کے پیش نظر 40 دن کلاسیس چلنے کی وجہ سے حکومت نے تمام طلبہ کو بغیر امتحانات کے کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا اور طلبہ کو ایف اے 1 امتحانات کی بنیاد پر مارکس دینے کے احکام جاری کئے تھے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے بھی دسویں جماعت کے نتائج کے اجرائی کی منظوری دیدی ہے۔ اس سال 5,21,398 طلبہ نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے فیس داخل کی ہے۔ حکومت نے امتحانات کو منسوخ کردیا جس کی وجہ تمام طلبہ کو کامیاب قرار دیا گیا ہے تاہم ایف اے 1 کے تحت طلبہ کو گریڈ دیئے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے مارکس اَپ لوڈ کرنے کا عمل جاری ہے جو آج شام تک مکمل ہوجائیگا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس مرتبہ امتحانی فیس داخل کرنے والے طلبہ کی نصف تعداد کو یعنی 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد طلبہ کو 10 جی پی اے مارکس حاصل ہونے کا امکان ہے جو گذشتہ سال کی بہ نسبت 60 ہزار سے زیادہ ہے۔