طلبہ پر تعلیم کا بوجھ کم کرنے کے سلسلہ میں اقدام ، این سی ای آر ٹی کا فیصلہ
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔1۔جون۔قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت NCERTنے نصاب سے جمہوریت کو حذف کردیا ہے۔ہندستانی نصاب میں دسویں جماعت میں جہاں جمہوریت کے متعلق تعلیم فراہم کی جاتی تھی اب نصاب سے جمہوریت کی تعلیم برخواست کردی گئی ہے۔ NCERTکی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ملک میں طلبہ پر بوجھ کم کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت ’جمہوریت ‘ کے متعلق تعلیم کو نصاب سے برخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت کے دسویں جماعت کے مضامین میں کی گئی تخفیف کے متعلق کہا گیا ہے کہ طلبہ پر عائد تعلیم کے بوجھ کو کم کرنے کے سلسلہ میں یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ NCERT کی دسویں جماعت کی کتب میں موجود مضمون ’جمہوریت ‘ میں ہندستان کی سیاسی تاریخ ‘ سیاسی جدوجہد ‘ سیاسی تحریکات‘ سیاسی جماعتوں کے علاوہ ہندستان میں جمہوریت کو درپیش چیالنجس کے متعلق معلومات فراہم کی جاتی تھیں لیکن اب اس نصاب میں جمہوریت کا سبق ہی نہیں ہوگا۔ 28 مئی کو ساورکر کے یوم پیدائش پر نئی پارلیمنٹ کے افتتاح اور پارلیمنٹ میں ’’راج ڈنڈا‘‘ رکھے جانے پر ماہرین تاریخ و تہذیب نے یہ دعوے کئے تھے کہ حکومت کا یہ اقدام ملک سے جمہوریت کے خاتمہ کا نقیب ثابت ہوگا ۔اندرون ایک ہفتہ NCERT کے نصاب سے جمہوریت کے خاتمہ کا فیصلہ اس دعوؤں کو تقویت پہنچارہا ہے ۔ ہندستانی جمہوریت مجموعی اعتبار سے سیکولر ‘ عوامی بالواسطہ جمہوریت ہے جو کہ ملک میں شہریوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے لیکن 2014 کے بعد پیداشدہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا تا رہا ہے کہ ہندستان سے جمہوریت کے خاتمہ کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور اب 28مئی کو ساورکر کے یوم پیدائش پر نئی پارلیمنٹ کے افتتاح اور اس میں ’راج ڈانڈا‘ نصب کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے ’چولہ ‘حکمرانی کی علامت اور خاندانی حکمرانی کی نشانی کی واپسی کے اشارے دیئے تھے۔ NCERT کے نصاب سے جمہوریت کے سبق کو برخواست کرنے کے فیصلہ کے ساتھ ہی اب کہا جا رہاہے کہ ملک میں ’آمریت ‘ کو فروغ دینے کے اقدامات تیز کئے جاچکے ہیں اسی لئے ملک کے جمہوری نظام کے متعلق تعلیم و تربیت کو بھی ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت کے اس فیصلہ پر ممتاز ماہرین تعلیم سیاسیات ‘ اقتصادیات اور تاریخ کی جانب سے اعتراض کیا جار ہاہے لیکن اس کے باوجود بھی حکومت اس فیصلہ سے دستبرداری اختیار نہیں کرے گی کیونکہ NCERTکے ذمہ داروں کی جانب سے جمہوریت اور دیگر مضامین کی برخواستگی کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ کے دفاع میں دلائل پیش کئے جا رہے ہیں۔