لاکھوں طلبا کو فائدہ ۔ انٹر سیکنڈ ایر کے امتحان ملتوی
حیدرآباد : تلنگانہ میں کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے دسویں اور انٹرفرسٹ ایر کے امتحانات کو منسوخ کردیا اور انٹرسیکنڈ ایر کے امتحانات کو ملتوی کردیا ۔ محکمہ تعلیم کی اسپیشل پرنسپل سکریٹری چترا رامچندرن نے آج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ایس ایس سی بورڈ کے حکام کا اجلاس طلب کیا جس میں ریاست کی صورتحال ‘ کے علاوہ سی بی ایس ای کے علاوہ ملک کے مختلف ریاستوں میں دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ امتحانات منسوخ اور ملتوی کرنے کا جائزہ لینے کے بعد ریاست میں دسویں جماعت کے امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ دسویں طلبہ کو بغیر کسی امتحانات کے پروموٹ کردیا جائے گا ۔ محکمہ تعلیم نے احکامات بھی جاری کردیئے ۔ بہت جلد ایس ایس سی بورڈ سے نتائج کا اعلان کیا جائیگا ۔ نتائج سے غیر مطمئن طلبہ حالات سازگار ہونے پر امتحانات تحریر کرسکتے ہیں ۔ اس فیصلے سے تلنگانہ کے 5 لاکھ 35 ہزار طلبہ کو فائدہ ہوگا ۔ اس طرح حکومت نے انٹر فرسٹ ایر امتحانات کو منسوخ کرکے تمام طلبہ کو امتحانات کے بغیر پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس فیصلے سے انٹر فرسٹ ایر کے 4.58 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا ۔ انٹرسیکنڈ ایر کے امتحانات ملتوی کرکے جون کے پہلے ہفتہ میں فیصلہ کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایر میں جن طلبہ کے بیاک لاگ ہیں انہیں بغیر امتحانات کے اقل ترین نشانات کے ساتھ کامیاب بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حالت سازگار ہونے پر انٹر فرسٹ ایر امتحانات کا انعقاد کرنے پر غور کیا جائیگا ۔ایمسیٹ میں انٹر مارکس کے 25 فیصد ویٹیج کو بھی منسوخ کردیا گیا ۔ انٹرسیکنڈ ایر امتحانات کے انعقاد سے 15 دن قبل اطلاع دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل ڈائرکٹر گورنمنٹ امتحانات ستیہ نارائینا ریڈی نے امتحانات کے منسوخ اور ملتوی پر چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی ۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر کے امتحانات منسوخ کرنے اور انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایر کے امتحانات کو ملتوی کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔