سدی پیٹ۔ 6 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں دسویں جماعت کے نتائج میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرنے کیلئے باقاعدہ عملی منصوبہ کے تحت دسویں جماعت کے طلبہ کو خصوصی طور پر پڑھانے کی ضلع کلکٹر کے ہیماوتی نے سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروں کو ہدایت دی۔منگل کے روز آئی ڈی او سی کانفرنس ہال میں محکمۂ تعلیم کے زیرِ اہتمام سرکاری اسکولوں، کے جی بی وی، مختلف گروکل اداروں کے ہیڈ ماسٹروں اور پرنسپل کے ساتھ دسویں جماعت کے نتائج پر خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے ضلع نے دسویں جماعت کے نتائج میں اعلیٰ مقامات حاصل کر کے ایک مثال قائم کی ہے، اسی طرح اس سال بھی 100 فیصد کامیابی یقینی بنانے کیلئے خصوصی عملی منصوبہ کے مطابق طلبہ کو پڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد سب کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔ ریاستی سطح کے چیکومکی سائنس سمبھارم میں اول انعام حاصل کرنے والے سدی پیٹ شہر کے اندرا نگر کے طلبہ کو اسناد پیش کی گئیں۔اس اجلاس میں ضلع تعلیمی افسر سرینواس ریڈی، ایس سی اور بی سی فلاحی محکموں کے افسران، سوشل ویلفیئر، بی سی ویلفیئر اور مائنارٹی ویلفیئر ریزیڈینشل اسکولوں کے ڈی سی اوز، پرنسپل ، محکمۂ تعلیم کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔
