دسویں کے صد فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جائے

   

پداپلی میں اساتذہ و عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت، موثر طریقہ تدریس پر زور

پداپلی۔4/جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔موثر طریقہ تدریس کے ذریعہ ضلع میں 10ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج میں صد فیصد کامیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس ضمن میں اساتذہ کو تندہی کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی. بروز منگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر نے شیڈول کے مطابق دسویں جماعت کے تدریسی عمل، خصوصی جماعتوں کے انعقاد پر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا. اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ماہ اپریل کی 3 تاریخ سے دسویں جماعت کے امتحانات کے مد نظر، بہتر نتائج کی حصولی کے لئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔. جاریہ سال 6 پرچوں میں امتحان کے انعقاد کے پیش نظر طلباء کو اسی مناسبت سے تیار کرنے ہر مدرسہ سے صد فیصد نتائج کی حصولی کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ طلباء کو امتحان کے لئے مقررہ وقت میں جوابات لکھنے کے قابل بنانے کے لئے روزآنہ قلیل مدتی امتحانات منعقد کرتے ہوئے انھیں تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ 10 جماعت کو پڑھانے والے تمام مضامین کے اساتذہ کو مدرسہ میں دستیاب رہنے، ہر روز صبح و شام خصوصی جماعتوں کا انعقاد عمل میں لانے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی. ضلع کلکٹر نے کہا کہ طلباء کو فی الوقت صبح کے اوقات میں راگی جاوا دیاجارہا ہے، شام کے اوقات میں بھی ہلکی پھلکی غذا کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔مدرسہ میں پسماندہ بچوں پر اساتذہ کو خصوصی توجہ مرکوز کرنے، ان کے لئے درکارخصوصی اسٹڈی مٹیریل تیار کرتے ہوئے تعلیم میں پسماندہ بچوں کو مذکورہ مٹیریل پر مکمل طور پر عبور حاصل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ اساتذہ کو ہر طالبعلم کے نتائج کی جانکاری رکھنے, سال گزشتہ فیل ہونے والے طلباء کے لئے بھی خصوصی جماعتوں کا انعقاد عمل میں لانے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔اس اجلاس میں ضلع مہتمم تعلیمات ڈی.مادھوی، صدر مدرسین، منڈل ایجوکیشن افسران و دیگر نے شرکت کی۔