خصوصی کلاسیس میں فراہم کیا جائے گا، محکمہ تعلیم نے حکومت کو تجویز روانہ کی
حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری و ماڈل اسکولس میں زیر تعلیم دسویں جماعت کے طلبہ جو اسپیشل کلاسیس میں شرکت کرتے ہیں انہیں نومبر سے شام میں اسنیکس فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نے اس سلسلہ میں منظوری کے لئے فائل حکومت کو روانہ کی ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے سنکرانتی تعطیلات کے یا یکم فروری سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات شروع ہونے تک تقریباً 35 تا 40 دنوں تک طلبہ کو ناشتہ فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ سرکاری اسکولوں میں اس سال دسہرہ کی تعطیلات کے بعد خصوصی کلاسیس کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ دسویں جماعت کے کامیابی کے تناسب میں اضافہ کیا جاسکے۔ دیہی علاقوں کے طلبہ خصوصی کلاسیس میں شرکت کرنے کی وجہ سے گھر پہنچنے تک 7 بجے شام سے زیادہ وقت لگ رہا ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد اسپیشل کلاسیس میں شرکت کرنے والے طلبہ کو شام میں اسنیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ طلبہ کو دوپہر ایک بجے میڈڈے میل دیا جارہا ہے تاہم شام تک طلبہ نڈھال ہو رہے ہیں۔ اس تناظر میں محکمہ تعلیم نے شام میں طلبہ کو اسنیکس فراہم کرنے کی حکومت کو تجاویز پیش کی ہے۔ ریاست کے تقریباً 4600 سرکاری ہائی اسکولس‘ 194 ماڈل اسکولس میں تقریباً 1.90 لاکھ طلبہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔ اسنیکس کے لئے فی طالب علم 15 روپے خرچ کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ حکومت سے منظوری حاصل ہونے پر اسنیکس میں ابلے ہوئے مٹر، چنے، گڑ، چھوٹے دانوں سے بنے باجرے کے بسکٹ، پیاز کے پکوڑے وغیرہ روزانہ مختلف اقسام کے اسنیکس طلبہ کو فراہم کئے جائیں گے۔ 2