دسہرہ تعطیلات کے باوجود خانگی اسکولوں میں آن لائین کلاسس

   

طلبہ اور سرپرستوں میں بے چینی ، محکمہ تعلیم سے شکایت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 22 ستمبر سے اسکولوں کے لئے دسہرہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا لیکن کئی اسکول انتظامیہ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آن لائین کلاسیس کا اہتمام کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کو کئی اسکولوں کی جانب سے آن لائین کلاسس کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے سبب نصاب کی تکمیل میں دشواری کو محسوس کرتے ہوئے آن لائین کلاسس کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی کلاسس سے ہائی اسکول کی سطح تک 23 تا 26 ستمبر آن لائین کلاسس کے بارے میں والدین اور سرپرستوں کو اطلاع دی گئی ہے ۔ اسکولوں کا دعویٰ ہے کہ آن لائین کلاسیس کے ذریعہ نصاب کی بروقت تکمیل میں سہولت ہوگی اور طلبہ گھر بیٹھے کلاسس میں شرکت کرپائیں گے ۔ حکومت نے آن لائین کلاسس کے خلاف اسکولس انتظامیہ کو کارروائی کا انتباہ دیا باوجود اس کے حیدرآباد کے کئی خانگی بالخصوص کارپوریٹ اسکولوں میں آن لائین کلاسس کا سلسلہ جاری ہے۔ بچوں کے والدین اور سرپرستوں نے آن لائین کلاسس کی مخالفت کی لیکن مخالفت کا اسکولوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 ستمبر تک صبح 8 تا ایک بجے دن کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ بعض اسکولوں میں 28 ستمبر تک آن لائین کلاسس کا شیڈول ہے ۔ حکومت کی جانب سے دسہرہ کی تعطیلات کے باوجود آن لائین کلاسس کے اہتمام پر طلبہ اور سرپرستوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے اسکولوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔1