دسہرہ تہوار میں 1100کروڑ روپئے کی شراب فروخت

   

10اکٹوبر کو 152 کروڑ، 11اکٹوبر کو 200کروڑ ، یکم تا 10 اکٹوبر 852.40 کروڑ کی فروخت
حیدرآباد 14 اکٹوبر ( سیاست نیوز) دسہرہ تہوار کے پس منظر میں ریکارڈ تعداد میں شراب فروخت ہوئی ہے ۔ صرف 10دن میں شرابیوں نے 1100کروڑ روپئے کی شراب پی لی ہے ۔ ایکسائز ڈپارٹمنٹ عہدیداروں نے بتایا کہ اس ماہ11اکٹوبر کو 200.44 کروڑ روپئے اور 10 اکٹوبر کو 152 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی جبکہ یکم تا 10اکٹوبر تک 852.40 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ۔ شراب کی دکانات کے ساتھ پبس میں شراب فروخت کی گئی جس سے سرکاری خزانے کو بھاری آمدنی ہوئی ہے ۔ ہمیشہ کی طرح شراب کی فروخت میں ضلع حیدرآباد سرفہرست رہا ہے ۔ ریاست میں شراب کی 2 ہزار 260 دکانات ، 1171 بار اور ریستوران ہیں ۔ ان کے ساتھ پبس میں بھی شراب کی فروخت کی جارہی ہے ۔ دسہرہ سے قبل ہفتہ اور اتوار کو شراب کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ۔ ایکسائز کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اکٹوبر کے آغاز سے 11 اکٹوبر تک 1100 کروڑ روپئے کی شراب کے 10 لاکھ 44 ہزار کیسیس فروخت ہوئے جبکہ 30 ستمبر تک 2 ہزار 838 کروڑ روپئے کی شراب فروخت کی گئی ۔ 10 دن کے دوران 17 لاکھ 59 ہزار بیئر فروخت ہوئی ۔ شراب کی فروخت کے معاملہ میں ضلع رنگاریڈی سرفہرست ہے جبکہ اضلاع کریم نگر ، نلگنڈہ اور ورنگل اگلے تین مقامات پر ہیں ۔