دسہرہ سے قبل اسکولوں کی کشادگی ممکن نہیں: مرکز

,

   

حیدرآباد: ملک میں کورونا وائرس وباء کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے دوران مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے گذشتہ روز 15 اگست سے قبل اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی کشادگی کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 15 اگست کے بعد ہی تعلیمی اداروں کی کشادگی ممکن ہے۔ وزارت کی جانب سے دئے جانے والے اشاروں میں کہا گیا ہے کہ دسہرے سے قبل تعلیمی اداروں کی کشادگی ممکن نہیں ہے۔

مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے بتدریج خاتمہ کے سلسلہ میں جاری کردہ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جولائی کے اواخر میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کے سلسلہ میں غور و مشاورت کی جائے گی اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔ دوسری جانب وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے کہا گیا جارہا ہے کہ دسہرہ کے بعد ہی تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔ اگر جولائی میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اس صورت میں اگست میں بھی تعلیمی اداروں کی کشادگی ناممکن ہے۔ اس کے پیش نظر اب اکتوبر میں تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل لائی جائے گی۔ جب بھی تعلیمی اداروں کی کشادگی ہوگی تو اسکولوں، کالجس اور دیگر تعلیمی انسٹی ٹیوٹس میں بھی سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے گا۔