دسہرہ کے موقع پر عوام کو گورنر اور چیف منسٹر کی مبارکباد

   


حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وجئے دشمی کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر نے اپنے پیام میں تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوراتری فیسٹول مسرتوں اور خوشیوں کی بحالی کا تہوار ہے۔ اس فیسٹول کا اہم پیام برائی پر نیکی کی فتح ہے۔ گورنر نے کہا کہ سچائی کو ہمیشہ کامیابی ملتی ہے اور ہمیں متحدہ طور پر برائی کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیئے۔ ماحولیاتی تباہی کے ذمہ دار امور سے مقابلہ کرتے ہوئے ہمیں اطراف کے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانا چاہیئے۔ گورنر نے اس موقع پر عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک بھر میں دسہرہ تہوار فتح کی علامت کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ایک عظیم روایت رہی ہے کہ لوگ دسہرہ تہوار کے دن نیل کنٹھ پردہ کا دیدار کرتے ہیں اور مقدس پودے کی پوجا کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دسہرہ تہوار کی خاصیت یہ ہے کہ جنڈ کے درخت کے پتوں کا سونے کی طرح آپس میں تبادلہ کیا جاتا ہے ، بزرگوں سے آشیرواد لیا جاتا ہے اور محبت اور اپنائیت کے طور پر الائی بلائی پروگرام میں شرکت کی جاتی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست کو کم وقت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے ملک کیلئے رول ماڈل بنایا ہے۔ کامیابی کی علامت مانے جانے والے دسہرہ تہوار کے موقع پر چیف منسٹر نے دعا کی کہ ریاست میں شروع کئے گئے تمام کاموں کے ثمرآور نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے عوام کے حق میں خوشیوں، پرامن اور خوشحال زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ر