حیدرآباد۔11 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست کے عوام کو دسہرہ تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تہوار کے دوران خاندان کے تمام افراد کا اکٹھا ہونا اور برائی پر نیکی کی فتح کا جشن منانا ایک یادگار لمحہ ہوتا ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ دسہرہ تہوار ملک بھر میں منایا جاتا ہے اور اس تہوار کا ہندستانی ثقافت بالخصوص ریاست تلنگانہ کی تہذیب میں منفرد مقام ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں اس تہوار کے دوران جوش و خروش کے ساتھ اس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور دشمی پوجا کے ساتھ ایک دوسرے سے بغلگیر ہوکر مبارکباد دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دسہرہ دراصل کامیابی کا جشن ہے جو کہ وجئے دشمی کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس تہوار کے موقع پر گھر کے بزرگوں سے آشیرواد لیتے ہوئے ’’پالا پٹا‘‘ ریاستی پرندہ کو دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع پر دعاگو ہیں کہ ریاست کو اس پرمسرت موقع پر مزید کامیابیاں حاصل ہوں اور عوام کو امن و امان کے ساتھ زندگی گذارنے کا موقع میسر آئے۔3