دس سال تک چیف منسٹر رہنے کا اعلان کے سی آر کے خوف کا نتیجہ

   

ناراض سرگرمیوں کو روکنے میں ناکامی، فلم اسٹار وجئے شانتی کا تبصرہ

حیدرآباد۔ 16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس انتخابی تشہیر کمیٹی کی صدرنشین اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے کہا کہ 10 برس تک چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہنے سے متعلق کے سی آر کا بیان دراصل ان کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے بے موقع اور بے محل یہ بیان دیا جو ان کے غیر یقینی کیفیت کا ثبوت ہے۔ وجئے شانتی نے چیف منسٹر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسائل کو پس پشت ڈال کر آئندہ 10 برسوں تک چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رہنے کے بیان کے پس پردہ کچھ اور حقائق ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین کے بموجب چیف منسٹر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ ٹی آر ایس میں بڑھتی ناراضگی کو روکنے میں کے سی آر ناکام ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے بھانجہ ہریش راؤ کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے انہوں نے مزید دو میعاد کیلئے چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کو وزارت میں شامل کئے جانے کے بعد سے وہ چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے کے ٹی آر کو رکاوٹ تصور کر رہے تھے۔ لہذا چیف منسٹر نے اسمبلی میں غیر متوقع طور پر یہ بیان دیا۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ناراض ارکان اسمبلی کو منانے میں ایک طرف ناکامی تو دوسری طرف کویتا کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ اروند کمار سے ملاقات پارٹی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے ۔ رکن اسمبلی عامر شکیل نے کویتا کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات کے بارے میں جو تبصرہ کیا ہے ، اس سے کے سی آر دفاعی موقف میں آچکے ہیں۔ وجئے شانتی نے ریمارک کیا کہ بھلے ہی کے سی آر دس سال تک چیف منسٹر برقرار رہنا چاہتے ہیں، تاہم ان کی خواہش ہے کہ کے سی آر تاحیات چیف منسٹر رہیں لیکن ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور عوام اس طرح کا کوئی رسک لینا نہیں چاہیں گے۔