دس فیصد کورونا متاثرین والے اضلاع پر خصوصی نظر،سخت تحدیدات پر مرکزی محکمہ صحت کا غور

   

حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد پرخصوصی توجہ دی جانے لگی ہے اور کہا جارہا ہے کہ جن اضلاع میں کورونا وائرس کے معائنوں میں 10 فیصد مریضوں کو وائرس کی توثیق ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ان اضلاع میں سخت تحدیدات عائد کی جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کی ٹیموں کی جانب سے تمام ریاستوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ ان تمام اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے معائنوں میں 10 فیصد مریضوں کی توثیق کی صورت میں ان اضلاع میں تحدیدات عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستوں میں ضلع واری اساس پر کورونا وائرس کے معائنوں کی تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں او رکہا جا رہاہے کہ شہری اور دیہی علاقو ںمیں کورونا وائرس کے معائنوں میں دوبارہ تیزی پیدا کی جائے ۔ ریاست تلنگانہ کے 9اضلاع میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اورمحکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے ان اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈکیا جا رہاہے ان پر خصوصی توجہ دینے کے علاوہ ان اضلاع میں معائنوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور شہر حیدرآباد بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ںکو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے عہدیداروںکو چوکس اور متحرک رہنے کی ہدایات جاری کریں اور معائنوں میں اضافہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے متاثرین کی نشاندہی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں جن مریضوں کی توثیق ہورہی ہے ان مریضوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ شخصی قرنطینہ اختیار کرلیں اور گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ ان کے گھر سے نکلنے کے سبب دوسرے کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔