دس ہزار یتیم و مستحق طلبہ میں غیاث الدین بابو خان چیاریٹبل ٹرسٹ سے اسکالر شپس کی تقسیم

   

طلبہ کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کی تلقین، اولیائے طلبہ و سرپرستوں کی ہمت افزائی
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( پریس نوٹ ) جناب غیاث الدین بابو خان چیرمین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹبل ٹرسٹ کے بموجب تعلیمی سال 2021-22 کیلئے ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے 10,270 یتیم و مستحق طلبہ میں 3.98 کروڑ روپئے بطور اسکالر شپس تقسیم کئے گئے تاکہ یہ طلبہ ترک تعلیم سے بچ سکیں۔ مستحق طلبہ میں اسکالر شپس کی تقسیم ٹرسٹ کے قیام سے ہی چلی آرہی ہے۔ بالخصوص یتیم طلبہ میں اسکالر شپس کی تقسیم کا کام 9 سال قبل ٹرسٹ کی خاتون والینٹرز کی ٹیم نے جناب غیاث الدین بابو خان کی سرپرستی میں شروع کیا تھا۔ ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مختلف اسکولس اور کالجس کے جماعت اول تا ڈگری کے یتیم طلباء و طالبات میں یہ اسکالر شپس تقسیم کی جاتی ہے۔ اوسطاً2,000 تا 5,000 روپئے فی طالب علم تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اس سال تلنگانہ کے 10 اضلاع اور ساحلی آندھرا کے 8 اضلاع کے 8,706 طلباء اور رائلسیما کے 4 اضلاع کے 1564 طلباء اسکالر شپس پروجکٹ سے مستفید ہوئے۔ ان پروگرامس میں یتیم طلباء اور ان کے سرپرستوں کی ہمت افزائی اور ان کی رہنمائی کیلئے جناب محمد ضیاء الدین نیر، جناب منصور بابو خان، جناب محمد علی الدین حیدر ٹرسٹیز فیڈ کے علاوہ جناب احمد سعید منیجنگ ٹرسٹی ایچ زیڈ ٹی جناب عارف مرزا، جناب ریاض ثنائی، جناب خواجہ حمید الدین مصطفی و دیگر والینٹرز نے اپنا قیمتی وقت لگایا۔ طلبہ اور اولیائے طلبہ کو زرین مشوروں سے نوازا۔ مستقبل میں طلباء کی تعلیم کو جاری رکھنے پر زور دیا اور انہیں یہ تیقن دیا کہ ٹرسٹ کی امداد جاری رہے گی۔ دوسری طرف لیڈی والینٹرز محترمہ عالیہ وقار شیخ امام ، محترمہ نصرت ضیاء محترمہ سعادت النساء ، محترمہ دردانہ محمود، محترمہ ثمینہ نعمت نے شہر کے قریبی اضلاع کے پروگرامس میں شرکت کی اور یتیم طلبہ کے سرپرستوں کی ہمت افزائی کی اور ان سے یہ تیقن لیا کہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جناب منصور بابو خان نے ان تمام ڈونرس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کار خیر میں دل کھول کر تعاون کیا اور ساتھ ہی ساتھ ٹرسٹیز اور والینٹرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت صرف کرکے اسکالر شپس کی تقسیم کے پروگرامس میں شرکت کی۔
خواتین کانفرنس کے تعارفی اجتماعات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( راست ) : جامعتہ المومنات کی دو یومی کل ہند خواتین کانفرنس کے بضمن تعارفی اجتماعات برائے خواتین 30 دسمبر کو حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل کی صدارت میں سنتوش نگر پانی کی ٹانکی 2 بجے دن ، مفتیہ سیدہ عشرت بیگم ، مفتیہ شفا ناز ، عالمہ بتول فاطمہ ، عالمہ نشاط فاطمہ ، نکہت بیگم مخاطب کریں گے ۔۔