دشا قتل ملزمین کا انکاؤنٹر فرضی :

   

مندا کرشنا مادیگا، عدالتی تحقیقات اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ایم آر پی ایس کے صدر مندا کرشنا مادیگا نے الزام عائدکیا کہ دشا قتل کے ملزمین کا انکاؤنٹر فرضی تھا۔ نظام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مندا کرشنا مادیگا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عدالت کو اس معاملہ میں گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نعشوں کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کی صورت میں حکومت کی ناکامیاں بے نقاب ہوں گی۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت دوبارہ پوسٹ مارٹم کی مخالفت کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے ایک انصاف اور غریب دلتوں کیلئے دوسرا انصاف کہاں کا قانون ہے ؟۔ انہوں نے کہا کہ انکاؤنٹر کی جانچ کیلئے سپریم کورٹ نے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکاؤنٹر کی تحقیقات نعشوں کے دوبارہ پوسٹ مارٹم اور ایس سی، ایس ٹی، بی سی خواتین پر مظالم کے خلاف 24 ڈسمبر کو اندرا پارک پر خاموش احتجاج منظم کیا جائے گا۔