تہران۔ 3 مارچ (ایجنسیز) ایران کی اعلیٰ سلامتی قیادت نے واضح اعلان کیا ہے کہ ملک طویل جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ایران اپنی ہزاروں سالہ تہذیب کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ سکریٹری جنرل ایرانی قومی سلامتی کونسل علی لاریجانی کہا کہ ایران نے تاریخ میں کبھی جارحیت میں پہل نہیں کی، لیکن اگر اس پر جنگ مسلط کی جائے تو وہ ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایران کی قوت اور عوامی عزم کا غلط اندازہ لگایا ہے ، اسے اپنی اس غلط فہمی پر پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی 6 ہزار سالہ تہذیبی وراثت اس بات کی متقاضی ہے کہ قوم ہر خطرے کا متحد ہو کر مقابلہ کرے۔ دوسری جانب عبوری لیڈر شپ کونسل کے رکن علی رضا عرافی نے اپنے پہلے باضابطہ بیان میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کو غیر منصفانہ اور غلط حکمت عملی پر مبنی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت پوری مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی اور قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔ ایرانی قیادت کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب خطہ شدید عسکری تناؤ کا شکار ہے اور عالمی طاقتیں کسی ممکنہ وسیع جنگ کے خدشات پر تشویش ظاہر کر رہی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے طویل مزاحمت کے اعلان نے واضح کر دیا ہے کہ بحران جلد ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا اور اس دوران سفارتی کوششوں کی ناکامی خطہ کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔