دفاتر شاپنگ مالس اور عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی

,

   

ایک ہزار روپئے جرمانہ کی گنجائش، میٹرو ریل میں ماسک کے بغیر داخلہ نہیں
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں تمام سرکاری دفاتر ، مالس ، کمرشیل کامپلکس اور عوامی ٹرانسپورٹ میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماسک کے بغیر مذکورہ اداروں میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے اور پولیس کے تعاون سے ان پر عمل آوری کا منصوبہ ہے ۔ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ماسک کے استعمال میں ناک اور منہ کو مکمل طور پر ڈھانکنا چاہئے ۔ عوامی مقامات ، دفاتر اور سفر کے دوران مکمل ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ عوامی مقامات پر دروازوں ، ہینڈلس اور سیڑھیوں کے گریلس کو وقفہ وقفہ سے سینیٹائز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پرہجوم مقامات پر عوام کو جمع ہونے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ دفاتر ، شاپنگ مالس میں 6 فٹ فاصلہ برقرار رکھا جائے گا ۔ عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابند عائد کی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ دفاتر اور کمرشیل کامپلکسوں میں خودکار اسکلیٹرس کے استعمال سے گریز کیا جائے ۔ دفاتر میں ایرکنڈیشنڈ کے بجائے فیانس کے استعمال کو ترجح دی جائے ۔ دفاتر میں وینٹی لیشن کیلئے کھڑکیوں کو کھلا رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ سرکاری اور خانگی دفاتر میں عوام ای فائل سسٹم سے استفادہ کریں اور انتہائی ضروری اور ہنگامی حالت میں عہدیداروں سے شخصی طور پر رجوع ہوں ۔ میٹرو ریل کی جانب سے علحدہ گائیڈ لائینس جاری کی گئیں جس کے مطابق ماسک کے بغیر ٹرین میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ داخلہ سے قبل تھرمل اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ٹرین میں سماجی فاصلہ کے تحت نشستوں کا انتظام کیا جا ئے ۔