دفاعی سازوسامان کی تیاری کو بڑھانے کا عہد

   


ہندوستان اسلحہ کا بڑا درآمد کنندہ مگر اسے برآمد کنندہ ہونا چاہئے : وزیراعظم مودی

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان اسلحہ اور ملٹری کے ساز و سامان کی تیاری میں صدیوں قدیم تجربہ رکھتا ہے لیکن آزادی کے بعد اس قابلیت کو تقویت نہیں پہنچائی گئی۔ ان کا اشارہ سابقہ حکومتوں کی طرف ہے جس نے اس معاملے میں خاطر خواہ توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک نے ڈیفنس مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں اپنی قابلیتوں کو تیزی سے فروغ دینے کا عہد کیا ہے۔ دفاعی شعبہ میں مرکزی بجٹ کی گنجائشوں پر موثر عمل آوری کے بارے میں منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سلسلہ وار اقدامات بیان کئے جو ان کی حکومت نے ڈیفنس سیکٹر میں خودمکتفی بننے کے لئے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر نشاندہی کی کہ آزادی سے قبل ہمارے پاس سینکڑوں آرڈننس (اسلحہ خانے) موجود تھے۔ دونوں بڑی جنگجوں میں ہندوستان سے بڑے پیمانے پر اسلحہ برآمد کئے گئے لیکن آزادی کے بعد کئی وجوہات کے سبب اس سسٹم کو تقویت نہیں دی گئی جتنا توجہ دی جانی چاہئے تھی۔ اب حال یہ ہے کہ چھوٹے اسلحہ کیلئے تک ہمیں دیگر اقوام پر نظر ڈالنا پڑتا ہے۔ ہندوستان دفاع کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں سے ہے اور یہ کوئی فخر کا معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ہندوستان کے لوگوں میں ٹیلنٹ یا صلاحیت کی کمی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان نے کورونا وائرس بحران سے قبل وینٹلیٹرس نہیں بنائے تھے لیکن اب ہمارا ملک ہزاروں وینٹلیٹرس تیار کررہا ہے۔