دفاعی شعبہ کے ملازمین کو مفت قانونی امداد کیلئے لیگل سرویسیس کلینکس کا قیام

   

جسٹس پی سیام کوشی نے افتتاح کیا، تلنگانہ میں تقریباً 50 ہزار خاندانوں کو سہولت

حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) نیشنل لیگل سرویسیس اتھاریٹی نئی دہلی میں دفاعی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین، ایکس سرویس مین اور ان کے افراد خاندان کو مفت قانونی امداد کی فراہمی کے لئے لیگل سرویسیس کلینک کا ملک بھر میں آغاز کیا ہے۔ نلسا ویر پریوار ساہیتا یوجنا 2025 کے تحت ہر ماہ کے پہلے اور چوتھے ہفتہ میں یہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ قومی سطح پر اس پروگرام کا سپریم کورٹ کے جسٹس سوریا کانت نے افتتاح کیا جو نیشنل لیگل سرویسیس اتھاریٹی کے ایگزیکٹیو چیرمین ہیں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ جو تلنگانہ لیگل سرویسیس اتھاریٹی کے صدر نشین ہیں ان کی نگرانی میں جسٹس پی سیام کوشی نے حیدرآباد کے سینک ویلفیر آفس سوماجی گوڑہ میں اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہوم روی گپتا آئی پی ایس، ایس ششی دھر ریڈی اور کرنل پی رمیش کمار اس موقع پر موجود تھے۔ ایس روی گپتا آئی پی ایس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی شعبہ سے تعلق رکھنے والے برسر خدمت اور ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے افراد خاندان کی قانونی امداد کے لئے قومی سطح پر منفرد پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی تنازعات، سرویس میٹرس اور دیگر امور کے سلسلہ میں لیگل سرویس کلینک میں مفت قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔ تلنگانہ میں 40 تا 50 ہزار ایکس سرویس مین اور ان کے افراد خاندان اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ جسٹس پی سیام کوشی نے کہا کہ فوج اور نیم فوجی دستوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین ملک کے لئے نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں دفاعی شعبہ کے ملازمین اور ان کے افراد خاندان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی امداد کی سہولت کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ اپنی نوعیت کی منفرد خدمات ثابت ہوں گی۔ ممبر سکریٹری اسٹیٹ لیگل سرویسیس اتھاریٹی سی ایچ پنچاکشری، کرنل پی رمیش کمار، ایم راجو ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ 1