دفاعی شعبے میں تعاون ،چار ہند۔روس معاہدے

,

   

نئی دہلی : ہندوستان اور روس نے پیر کو دفاعی شعبے میں تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کیلئے چار سمجھوتوں، معاہدوں اور پروٹوکول پر دستخط کیے، جس میں فوج کیلئے 6 لاکھ AK-203 اسالٹ رائفلیں خریدنے کاسودا بھی شامل ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ان سمجھوتوں، معاہدوں اور پروٹوکول پر یہاں سشما سوراج بھون میں فوج اور فوجی تکنیکی کمیشن سے متعلق ہندوستان۔روس بین حکومتی کمیشن کی 20ویں میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا جس کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کی۔اس دوران ان سمجھوتوں، معاہدوں اور پروٹوکول پر دستخط بھی کیے گئے۔ دونوں ممالک کے وزراء کی بات چیت ٹو پلس ٹو مذاکرات وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان سالانہ چوٹی کانفرنس سے پہلے ہوئی ۔ فریقین نے ملاقات کے بعد کلاشنکوف سیریز کے چھوٹے ہتھیاروں کے معاہدے میں ترمیم کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر 18 فروری 2019 کو دستخط ہوئے تھے۔ایک اور اہم فیصلے میں دونوں فریقوں نے انڈو رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ سے 6,01,427 اے کے 203 رائفلز کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے جو کہ دونوں ممالک کا ایک خصوصی ادارہ ہے۔