نئی دہلی : وزارت دفاع کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں مالی سال 2022-23 میں پہلی بار دفاعی پیداوار 1 لاکھ کروڑ روپے کے ہندسے کو عبور کر گئی ہے ۔ فی الحال دفاعی پیداوار 1,06,800,000 کروڑ روپے ہے اور نجی دفاعی صنعتوں کے اعداد و شمار حاصل کرنے کے بعد اس میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ مالی سال 2022-23 میں دفاعی پیداوار مالی سال 2021-22 کے اعداد و شمار کے مقابلے میں 12 فیصد بڑھ کر 95,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ حکومت دفاعی صنعت اور ان کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ پیداوار بڑھانے اور دفاعی شعبے میں درپیش چیلنجز کو کم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ سپلائی چین میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز اور اسٹارٹ اپس کے انضمام سمیت ‘کاروبار کرنے میں آسانی’ کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے کئی پالیسی تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ ان پالیسی تبدیلیوں کی وجہ سے دفاعی صنعت بشمول ایم ایس ایم ای اور اسٹارٹ اپ ڈیزائن، ترقی اور پیداوار میں آگے آرہے ہیں اور حکومت کی طرف سے صنعتوں کو جاری کیے گئے دفاعی پیداواری لائسنسوں کی تعداد میں پچھلے سات آٹھ سالوں میں تقریباً 200 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
