دفاعی چمپئن ہندوستان کا آج نمیبیا سے مقابلہ

   

نئی دہلی،11 فروری (یو این آئی) دفاعی چمپئن ہندوستان کل ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں نمیبیا کے خلاف میدان میں اُترے گا، جہاں ٹیم پر توقعات اور اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی بھاری ذمہ داری ہوگی۔ امریکہ کے خلاف ہندوستان کے پہلے میچ نے یہ ثابت کردیا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کے لیے حالات کبھی بھی مشکل ہو سکتے ہیں۔ امریکہ کے خلاف میچ میں ایک وقت ایسا تھا جب ہندوستانی ٹیم77 رنز پر 6 وکٹیں گنواکر شدید دباؤکا شکار تھی۔ اس نازک موڑ پر سوریاکمار یادو نے اپنی موجودگی کا احساس دلوایا۔ انہوں نے48 گیندوں پر84 رنزکی ناقابلِ شکست اننگزکھیل کر نہ صرف ٹیم کو سہارا دیا بلکہ اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ ان کی اس اننگز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ کیوں ٹی ٹوئنٹی کے خطرناک ترین کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔ ہندوستانی بو لروں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ زخمی ہرشیت رانا کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے محمد سراج نے آغاز میں ہی حریف ٹیم کو نقصان پہنچایا، جبکہ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے مڈل اوورز میں رنزکی رفتار روک کر حریف بیٹرس کو بے بس کر دیا۔ہندوستان کی یہ اجتماعی کارکردگی نمیبیا کے خلاف میچ کے لیے ایک بہترین نمونہ (بلیو پرنٹ) ثابت ہوگی۔ دوسری جانب نمیبیا کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اگرچہ نکول لوفٹی ایٹن اور جان فرائی لنک نے اچھی بیٹنگ کی، لیکن مڈل آرڈر کی ناکامی ان کے لیے پریشانی کا باعث بنی۔ہندوستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف نمیبیا کو شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنانا ہوگا اور فیلڈنگ میں چستی دکھانی ہوگی۔ ان کے بولروں کے لیے ہندوستانی بیٹنگ لائن کو روکنا ایک کڑا امتحان ہوگا۔دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم کی پچ شروع میں فاسٹ بولروں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے ، تاہم لائٹس کے نیچے بیٹنگ آسان ہونے کی توقع ہے ۔ یہ میچ تجربے اور جوش کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ ثابت ہوگا۔ جہاں ہندوستان اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا، وہیں نمیبیا کی ٹیم عالمی کرکٹ میں اپنی شناخت بنانے کے لیے بے تاب ہے ۔ اگر ہندوستانی ٹیم اپنی پوری قوت کے ساتھ کھیلی، تو دفاعی چمپئن کی حیثیت سے ان کی سوپر ایٹ مرحلے کی طرف پیش قدمی مزید یقینی ہو جائے گی۔