برسلز: یورپی یونین رکن ممالک کے قائدین اس بلاک کے مابین سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ اس تناظر میں یورپی رہنما جمعہ کو ہونے والی آن لائن سربراہی سمٹ میں ممکنہ خطرات اور ان سے نمٹنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر بات چیت کریں گے۔ مغربی دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل ڑینس اشٹولٹن برگ بھی اس سیشن میں شریک ہوں گے۔ مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق تمام رکن ممالک متفق ہیں کہ عالمی سطح پر عدم استحکام کے باعث یورپ کو اپنی سکیورٹی کی ذمہ داری خود ہی اٹھانا ہو گی۔ تاہم اس بات پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نیٹو کے ساتھ شراکت داری کو بھی مضبوط بنایا جائے۔
