دفاع کیلئے دوسروں پر انحصار نہیں کیا جاسکتا : راج ناتھ

   

بنگلورو ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان اپنے دفاع کیلئے دوسرے ممالک پر انحصار نہیں کرسکتا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آتما نربھر بھارت پروگرام کے تحت ہندوستان اپنی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کی کوشش کر رہا ہے ۔ وزیر دفاع نے یہاں ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کے دوسرے ایل سی اے ۔ تیجاس پروڈکشن لائین کا افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تیجاس نہ صرف اندرون ملک تیار کردہ ہے بلکہ یہ کئی امور میں بیرونی پیداوار سے بہتر ہے اور یہ کم قیمت میں تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے تیجاس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں ہندوستان دفاعی تیاری کے شعبہ میں 1.75 لاکھ کروڑ روپئے کے نشانہ کو پورا کرلے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ 48,000 کروڑ روپئے کی معاملت کے تحت تیجاس ۔ ایل سی اے کی انڈین ائر فورس کو حوالگی کا سلسلہ مارچ 2024 سے شروع ہوگا اور تقریبا 16 طیارے سالانہ تیار کئے جائیں گے تاوقتیکہ 83 طیاروں کی سپلائی پوری نہیں ہوجاتی ۔