دفتر سیاست میں مزاحیہ مشاعرہ کا کامیاب انعقاد

   

دکن کے نمائندہ شعراء نے اپنے طنز و مزاح کلام سے زعفران زار کردیا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : اردو کے نمائندہ شعراء نے یہاں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام منعقدہ مزاحیہ مشاعرہ میں اپنے کلام کے ذریعہ محفل کو زعفران زار کردیا ۔ طنز و مزاح دکن کے نامور شعراء نے شرکت کرتے ہوئے اپنے کلام سے خوب داد تحسین حاصل کیا ۔ ان میں فرید سحر ، وحید پاشاہ قادری ، ڈاکٹر معین امر بمبو ، ہنس مکھ حیدرآبادی ، حامد سلیم ( بیدر ) ، لطیف الدین لطیف اور نجیب احمد نجیب نے حالات حاضرہ اور وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضہ جات پر طنز و مزاح سے بھر پور کلام پیش کیا ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے نگرانی کی۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ مہمان خصوصی تھے ۔ دکن کے نامور مزاحیہ شاعر منور علی مختصر نے نہایت عمدگی کے ساتھ کارروائی چلاتے ہوئے کئی دفعہ محفل کو قہقہہ زار کردیا ۔ ان کی نظامت منفرد حیثیت رکھتے ہوئے کامیاب مشاعرہ کی ضامن رہی ۔ اتوار 18 جون کو دفتر سیاست کے عابد علی خاں سینٹینری ہال عابڈس مشاعرہ کے آغاز سے قبل ہی کچھا کھچ بھر چکا تھا ۔ سامعین اور شائقین کے لیے محبوب حسین جگر ہال پر اسکرین نصب کرتے ہوئے خصوصی سہولت دی گئی تھی ۔ پروگرام کے انعقاد میں ناظم مشاعرہ کی ذاتی دلچسپی اور کاوشیں رہی ۔ رات دس بجے مشاعرہ کا ناظم مشاعرہ منور علی مختصر کے طویل شکریہ پر اختتام عمل میں آیا۔ اردو کے اس طنز و مزاح مشاعرہ کے انعقاد پر ادارہ سیاست کا شرکاء نے شکریہ ادا کیا ۔۔