اخبار کی 75 ویں سالگرہ پر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کو مبارکباد و تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) روزنامہ سیاست کی مقبولیت اور فلاحی ، سماجی ، تعلیمی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مجھے آج بے حد مسرت ہورہی ہے کہ سیاست 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اے اندرا کرن ریڈی ریاستی وزیر جنگلات قانون و انڈومنٹ نے دفتر روزنامہ سیاست پہنچ کر جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی شال پوشی کی اور انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ سیاست کی خبروں کی اشاعت کے بعد کئی بیرونی ممالک سے میرے انٹرویوز دیکھ کر لوگ مجھ کو فون پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سیاست اُردو اخبارات کی دنیا میں اپنی ایک منفرد شناخت رکھتا ہے جس کو ہر کوئی جانتا ہے۔ وزیر موصوف نے 75 ویں سالگرہ پر روزنامہ سیاست کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کی۔ بعدازاں جناب عامر علی خاں و ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی کے درمیان موجودہ سیاسی حالات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر محمد سلمان خاں معاون رکن بلدیہ نرمل ، این وینو رکن بلدیہ نرمل، صدر ٹاؤن ٹی آر ایس نرمل ایم رامو نے بھی جناب عامر علی خاں کو سیاست کی 75 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سینئر اسٹاف رپورٹر سیاست سید جلیل ازہر بھی موجود تھے۔