مختلف شکوک و شبہات ، سابق وزیر کے او ایس ڈی پر پولیس کا دائرہ تنگ
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ انیمل ہسبینڈری کے دفتر سے اہم فائلس اچانک غائب ہوچکی ہیں۔ مانصاحب ٹینک میں واقع دفتر سے اچانک فائیلس کا غائب ہونا شکوک و شبہات کا سبب بن گیا ہے اور سابق وزیر کے او ایس ڈی کو پولیس نے شک کے دائرہ میں لے لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیر ٹی سرینواس یادو کے او ایس ڈی کلیان کے کیبن سے فائیلس غائب ہیں۔ اطلاع کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے مقام کا معائنہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ سے حیران کن نتائج منظرعام پر آئے ہیں۔ دفتر کے کمرے کی کھڑکی پر لگی جالی کو نکال کر فائیلس غائب کی گئیں۔ اس معاملہ میں او ایس ڈی کلیان،کمپیوٹر آپریٹر موہن ، وینکٹیش، پرشانت اور دیگر پر شبہات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنٹرل زون حیدرآباد سرینواس نے دفتر کا معائنہ کیا اور شعبہ کے ڈائرکٹر سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ فائیلس غائب ہونے کے معاملہ میں جامع تحقیقات کی جائیں گی تاہم اس دوران سابق ریاستی وزیر تلاسانی سرینواس یادو اور ان کے او ایس ڈی کلیان نے فائیلس غائب ہونے کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور اس اطلاع کو افواہ اور بے بنیاد قرار دیا اور اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا افتتاح 9 ماہ قبل ہوا اور تمام ضروری فائیلس ڈائرکٹر آفس سے سکریٹریٹ میں وزیر کے دفتر منتقل کی گئی ہیں اور محکمہ جاتی ضروری فائیلس اور دستاویزات کو ضروری کارروائی کے بعد اسپیشل چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر کے دفتر میں پہنچایا جاتا ہے۔ لہذا فائیلس کے غائب ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ او ایس ڈی کلیان نے ان باتوں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ کسی بھی طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ع
