حیدرآباد 11 فروری (این ایس ایس) دفتر ٹرانسپورٹ کمشنر میں ایڈمنسٹریٹیو آفیسر جئے نریندر کو آج دوپہر اُس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا جب وہ سنگاریڈی کے سندیپ سے ٹرئیلر اور ٹینکر بنانے کے اجازت نامے کی اجرائی کے لئے 36000 روپئے بطور رشوت طلب و قبول کررہا تھا۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیداروں کے مطابق ملزم نے 13 جنوری کو شکایت کنندہ سندیپ سے ٹووہیلر ٹریلر اور ٹریکٹر کے ڈیزائن کی نقول کی فراہمی کیلئے 36000 روپئے بطور رشوت دینے کا مطالبہ کیا تھا اور سندیپ سے یہ رقم قبول کررہا تھا۔ نریندر کے قبضہ سے 36000 روپئے کی رقم برآمد کرلی گئی۔ اس کو محکمہ انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ وہ 4 جنوری 2016 ء میں بھی 8000 روپئے رشوت لیتا ہوا پکڑا گیا تھا۔ اس کے خلاف 3 مارچ 2016 ء کو غیر متناسب اثاثے جات رکھنے کے ضمن میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔