دفتر چیف منسٹر کے سبکدوش ملازم کو دہلی میں تلنگانہ کے نمائندہ خصوصی کا عہدہ

   

ریاست کو وصول طلب گرانٹ اور بجٹ حصول میں آسانی کے لیے چیف منسٹر کا غور و خوض
حیدرآباد۔17فروری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے کیمپ آفس سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرنے والے عہدیدارمسٹر راج شیکھر ریڈی کو دہلی میں ریاست تلنگانہ کے نمائندہ کے طور پر نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔ مسٹر راج شیکھر ریڈی جو کہ دہلی میں مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے چکے ہیں چند ماہ قبل چیف منسٹر تلنگانہ کے دفتر میں خصوصی سیکریٹری کے طور پر نامزد کئے گئے تھے ۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر میں خدمات انجام دہی کے دوران مسٹر راج شیکھر ریڈی نے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی اختیار کرنے کی درخواست داخل کی جو کہ تمام اصولوں کے مطابق داخل کی گئی تھی اور ان کی یہ درخواست قبول کرلئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بتایاجاتا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے راج شیکھر ریڈی کی خدمات سے سبکدوشی کے بعد انہیں دہلی میں ریاست تلنگانہ کے نمائندہ کے عہدہ پر نامزد کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی میں طویل عرصہ تک خدمات انجام دیتے ہوئے مختلف محکمہ جات سے واقفیت کی بنیاد پر راج شیکھر ریڈی کو دہلی میں تلنگانہ کا نمائندہ بنانے کی حکمت عملی تیار کی ہے اور اس منصوبہ کے تحت انہیں جلد دہلی روانہ کئے جانے کے امکانات ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ مسٹر راج شیکھر ریڈی ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں طویل عرصہ تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔مسٹر راج شیکھر ریڈی کی دہلی میں طویل مدت تک خدمات کے علاوہ ان کے دیگر محکمہ جات میں تعلقات کے سبب ریاست تلنگانہ کو وصول طلب گرانٹ اور بجٹ کے حصول میں پائی جانے والی دشواریوں میں کمی لائی جاسکتی ہے اور مسٹر راج شیکھر ریڈی ریاست تلنگانہ کے نمائندہ کی حیثیت سے دہلی میں مرکزی محکمہ جات کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ فنڈس حاصل کرسکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اپنے اس فیصلہ سے قریبی رفقاء کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے نمائندہ کی حیثیت سے مسٹر راج شیکھر ریڈی کی نامزدگی ریاست کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے اور ان کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں تعطل کا شکار پراجکٹس کی شروعات کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔ مسٹر راج شیکھر ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے دفتر میں خصوصی سیکریٹری کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور ان کی سابقہ سروس کا ریکارڈ بھی شفاف رہا ہے۔