دفعہ 370اور سی اے اے قانون کے سلسلہ میں ہم کوئی دباؤ برداشت نہیں کریں گے: وزیراعظم

   

وارناسی ( یو پی ) ۔16فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) سی اے اے ( شہریت ترمیمی قانون) اور دستور ہند کی دفعہ 370 کی تنسیخ کے موقف پر اٹل رہنے اور کسی قسم کا دباؤ برداشت نہ کرنے کا ایک جلسہ عام میں اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے وارناسی میں کہا کہ ہم اگرضرورت ہو تو قوم اور ملک کے مفاد میں اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں لیکن ہم کسی قسم کا دباؤ اس سلسلہ میں برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کی دفعہ 370 ریاست جموں و کشمیر کے شہریوں کو خصوصی موقف عطا کرتی تھی لیکن اسے گذشتہ سال 5 اگست سے برخواست کردیا گیا کیونکہ ہم اپنے ملک کے شہریوں میں کسی بھی بنیاد پر فرق و امتیاز کرنے کے قائل نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیا شہریت ترمیمی قانون پڑوسی ممالک کے تمام غیر مسلم شہریوں کو جو وہاں اپنے عقیدے کی بنیاد پر تعصب کا شکار ہیں اور مختلف مصائب برداشت کررہے ہیں ، اپنے ملک میں شہریت عطا کرنے کے انسانی بنیادوں پر پابند ہیں ۔ چنانچہ اپنے اس فیصلہ پر بھی اپنے موقف پر ملک کے مفاد میں اٹل رہیں گے اور کسی بھی قسم کا دباؤ ہمارے لئے ناقابل برداشت ہوگا ۔