سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کا فیصلہ خدا کا فیصلہ نہیں بلکہ یہ فیصلہ پارلیمنٹ کا فیصلہ تھا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ پارلیمنٹ کا کوئی بھی فیصلہ تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔سابق چیف منسٹر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز وسطی ضلع بڈگام میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔وزیر داخلہ امیت شاہ کے جموں میں دفعہ 370کی بحالی کے بارے میں بیان کے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کو منسوخ کرنے کا فیصلہ اللہ تعالیٰ کا فیصلہ نہیں تھا بلکہ یہ فیصلہ پارلیمنٹ کے ذریعے لیا گیا تھا اور پارلیمنٹ کا کوئی بھی فیصلہ تبدیل کیاجا سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ کوئی بھی چیز نا ممکن نہیں ہے ، اگر ایسا ہوتا تو عدالت عظمیٰ نے تین بار دفعہ 370کی بحالی کے حق میں فیصلے سنائے اُس وقت ناممکن کیوں نہیں تھا۔